۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
تنظیم المکاتب

حوزہ/ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور یوم قیام تنظیم المکاتب کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں آن لائن جلسہ سیرت منعقد ہوا۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنو/ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور یوم قیام تنظیم المکاتب کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں آن لائن جلسہ سیرت منعقد ہوا۔ 

مبلغ و استاد جامعہ امامیہ مولانا محمد عباس معروفی صاحب نے تلاوت قرآن مجید سے جلسہ کا آغاز کیا۔ بعد مولوی محمد صادق متعلم جامعہ امامیہ اور مولوی محمد عامر متعلم جامعہ امامیہ نے بارگاہ امام عالی مقام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ 

استاد جامعہ امامیہ مولانا منظر علی عارفی صاحب نے طلاب کو خطاب کرتے ہوئے ادارہ تنظیم المکاتب کے قیام اور ۵۴ ؍ برسوں سے مختلف شعبہ جات میں اسکی دینی ، تعلیمی اور فلاحی خدمات کو بیان کیا ، اور لاک ڈاون میں ادارہ کی بشر دوستانہ خدمات اور اس کے بعد مولانا غلام عسکریؒ روزگار یوجنا کے تحت انجام پانے والی خدمات کو سراہا۔ 

استاد جامعہ امامیہ مولانا سید علی ہاشم عابدی صاحب نے بیان کیا کہ بنی امیہ نے تقریبا چالیس برس تک شام میں اہلبیتؑ کے خلاف پروبیگنڈے کئے کہ شام والے آل محمدؑ کے شدید ترین دشمن ہوگئے حتیٰ امیرالمومنینؑ کی شہادت پر پوچھنے والےنے پوچھا آخر علیؑ مسجد میں کیوں گئے تھے ؟اور کیا علیؑ نماز بھی پڑھتے تھے ؟لیکن امام سجادؑ نے اپنے چند منٹ کے خطبہ میں چالیس برس کی تمام اموی محنتوں پر پانی پھیر دیا کہ خود شام والے یزید کی مخالفت پر اتر آئے۔  

انچارج جامعہ امامیہ مولانا سید منور حسین رضوی صاحب نے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی تعلیمی و تربیتی سیرت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا امام سجاد علیہ السلام ایسے پر آشوب ماحول میں کہ جب لوگ اہلبیتؑ سے دور تھے ، منبر اور مدرسہ کا قیام ممکن نہیں تھا تو آپؑ غلاموں کو خریدتے اور انکی سال بھر تربیت کرتے اور روز عید انہیں آزاد کر دیتے تھے۔ 

آخر میں مربی اعلیٰ جامعہ امامیہ مولانا سید ممتاز جعفر نقوی صاحب امام سجاد علیہ السلام کی اخلاقی سیرت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جب کنیز سے غلطی سرزد ہوئی تو نہ فقط آپ نے اسے معاف کیا بلکہ اسے آزاد بھی کر دیا۔ دعائے فرج امام عصرؑ پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .